لیگی اراکین اسمبلی کا مخصوص نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع

Published On 19 September,2024 03:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی ارکان اسمبلی نے مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔

لیگی اراکین اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کردی ہے، پارلیمنٹ نے ترامیم کا اطلاق ماضی سے مؤثر قرار دیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ترامیم کے مطابق ایک مرتبہ وابستگی کا جمع کرایا گیا سرٹیفکیٹ تبدیل نہیں ہو سکتا، الیکشن ایکٹ کے مطابق فہرست جمع نہ کرانے والی جماعت مخصوص نشستوں کی اہل نہیں۔

ن لیگی اراکین اسمبلی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ قرار دیا جائے جس سیاسی جماعت نے مخصوص سیٹوں کی فہرست نہیں دی وہ مخصوص سیٹوں کی اہل نہیں، جن امیدواروں نے انتخابات میں پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا انہیں آزاد ڈکلیئر کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ قرار دیا جائے کہ جن آزاد ارکان نے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی وہ دوبارہ پارٹی تبدیل نہیں کر سکتے۔