اسلام آباد :(دنیا نیوز) افغان قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی کے معاملہ پر سیکرٹری خارجہ نے کہا ہے کہ ہم نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ جاری کیا ہے۔
سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان ناظم امور کے سامنے بھی احتجاج ریکارڈ کرایا، کابل میں بھی ہمارے سفارت خانے نے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
واضح رہے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 17ستمبر کو ہونے والی رحمت اللعالمین ﷺکانفرنس میں قومی ترانے کے دوران سفارتی آداب کی خلاف ورزی دیکھی گئی اور افغان قونصل جنرل پاکستان کے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہوئے جب کہ پاکستان کا کہنا تھا کہ قومی ترانے کا عدم احترام سفارتی اصولوں کے خلاف ہے۔