مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت

Published On 25 September,2024 10:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پرعملدرآمد کی متفرق درخواست مرکزی درخواست کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے متفرق درخواست کو مرکزی درخواست کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 8 رکنی بنچ کا وضاحتی فیصلہ آچکا ہے، سپریم کورٹ کا تفصیلی بھی فیصلہ آچکا ہے، فیصلے پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا، چاروں صوبائی اسمبلی کے سپیکرز کو بھی مراسلہ جاری کر چکے ہیں، مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو تاحال نہیں ملی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے اور مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کرانے کا حکم دیا جائے۔