نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی مضبوط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود خیر سگالی سے استفادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پارلیمانی تبادلوں، باہمی عوامی روابط، کھلاڑیوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں اور طلبہ کے تبادلوں کے ذریعے تعلقات کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی یواین سیکرٹری جنرل سے ملاقات، اسلامو فوبیا کی بڑھتی لہر روکنے پر زور
وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی، جس سے علاقائی تعاون اور دونوں ممالک کے مابین بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوسکے گی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کے لیے دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالجہتی سطحوں پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔