نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بیروت میں بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ اور غزہ میں نسل کشی روکنے پر مجبور کرنا ہوگا۔
سلامتی کونسل میں "لیڈرشپ فار پیس مباحثے" سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمد ہونا چاہیے، جموں و کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ درپیش ہے۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کے غیرقانونی استعمال کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے، کونسل کو کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں کو روکنے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان سے دہشتگردی، خاص طور پر داعش اور فتنہ الخوارج کا خطرہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، کونسل کو افغانستان سے بڑھتے دہشتگردی کے خطرے سے مؤثر طریقے سے نمٹنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ جوہری اور روایتی ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کی عالمی کوششوں کو بحال کرنا چاہیے، نئے ہتھیاروں اور اے آئی سمیت ٹیکنالوجیز پر کنٹرول قائم کرنا چاہیے۔
سلامتی کونسل میں لیڈرشپ فار پیس مباحثے سے خطاب میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اگلے سال سلامتی کونسل کی نشست سنبھالنے پر ان مقاصد کو حاصل کرے گا۔