پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 14 واں اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پورا نے کہا کہ ضم اضلاع اور جنوبی اضلاع میں امن وامان کے مسائل درپیش ہیں، پولیس اورسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو امن وامان کی بہتری کیلئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا کر مزید چیک پوسٹیں بھی پولیس کے حوالے کرنی ہیں، لیکن اس سے پہلے ان علاقوں میں پولیس کی استعداد کو بڑھانا ہے، صوبائی حکومت پولیس کی استعداد کو بڑھانے کیلئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اس وقت کرم میں امن و امان کا مسئلہ چل رہا ہے لیکن یہ دہشت گردی یا فرقہ واریت کا مسئلہ نہیں، فریقین کے درمیان زمین کا تنازع ہے جس کے پُرامن حل کیلئے صوبائی حکومت اقدامات کر رہی ہے، انتظامیہ اور پولیس کی کوششوں سے آج فریقین کے درمیان سیزفائر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر میں بھی مسئلہ چل رہا ہے جس کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر کام جاری ہے، امید ہے کل تک یہ معاملہ بھی حل ہوجائے گا، انتظامیہ اور پولیس ایسے معاملات کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہوتی ہے، بعض اوقات نتائج سامنے آنے میں وقت لگتا ہے اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انتظامیہ کچھ نہیں کر رہی۔