تاجربرادری کا پی ٹی آئی احتجاج کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ

Published On 05 October,2024 02:06 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تاجروں نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔

بلیو ایریا ٹریڈر یونین کی جانب سے نمائندہ تاجران راجا حسن اختر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایس سی او کی کانفرنس ہو رہی ہے، جس کے لیے ہائی پاور وفود کی آمد و رفت شروع ہو چکی ہے، اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کا نفاذ ہونے کے بعد فوج بھی پہنچ چکی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مظاہرے جاری رہے تو اس سے نہ صرف ملک کے اندر امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی بلکہ عالمی سطح پر بھی ملک کی بدنامی ہونے کا شدید خطرہ ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ آج ہی بنچ بنا کر حکومت کو حکم دے کہ اسلام آباد کو مظاہرین سے خالی کرایا جائے، مظاہرین کو ہر صورت اسلام آباد سے باہر نکالا جائے۔

پٹیشن میں مزید استدعا کی گئی ہے کمشنر آفس اسلام آباد کو بھی اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ اسلام آباد میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھے۔