اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے حوالے سے بیرسٹر سیف کا بیان سیاق و سبا ق سے ہٹ کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی بھارت سے متعلق پالیسی وہی ہے جو پاکستان کی پالیسی ہے، بھارتی وزیرِ خارجہ کو ہم کسی پارٹی یا تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک دن کا احتجاج تھا، دھرنا نہیں تھا، جس طریقے سے شیلنگ کی گئی اور گولیاں چلائی گئیں، یہ غیر جمہوری ہے، ڈی چوک کوئی ایسی مقدس جگہ تو نہیں جہاں کوئی قدم نہیں رکھ سکتا، ہم صرف آزاد عدلیہ کے لیے نکلے تھے ۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے ڈی چوک پر احتجاج میں نہ میں نکلا، نہ ہی ہمارا کوئی ایم این اے شامل ہوا، فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایم این ایز اور چیئرمین تحریکِ انصاف نہیں نکلیں گے، ہم ڈی چوک پر احتجاج کی پیچھے رہ کر حمایت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے پیشِ نظر احتجاج میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ پہلے بھی ہمارے ایم این ایز کو اٹھایا گیا۔