اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد سے حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ سرکاری ذرائع نے اس خبر کی تردید کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کا ہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا ہے، آئی جی اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو حراست میں لیا، علی امین گنڈا پور پر ریاست پر حملہ آور ہونے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو باضابطہ طور پر گرفتار نہیں کیا گیا، علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے حوالے سے خبر غلط ہے وہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں موجود ہیں۔
قبل ازیں عدالت کی جانب سے شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کے پی ہاؤس پہنچی۔
یاد رہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے غیرقانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدم پیشی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
عدالت نے کہا تھا کہ متعدد مرتبہ عدالت طلبی کے باوجود وزیراعلیٰ کے پی پیش نہ ہوئے، ان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر عدالت پیش کیا جائے۔