اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ ترمیم کا معاملہ بہت حساس مسئلہ ہے، یہ چند برسوں، مہینوں کے لیے نہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ جو کمیٹی میں ڈرافٹ پیش کیا جا رہا ہے ہمیں ڈر ہے اس کے پیچھے اور محرکات ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ آئینی ترمیم کیا ایسے ہوتی ہے؟ پارلیمنٹ میں اراکین پر حملہ ہوا، کمیٹی بنی، اس کا اثر ہوا کسی پر؟، اس وقت ہمارے پارلیمنٹیرینز کے خلاف کریک ڈاؤن ہو رہا ہے، لالچ دیا جا رہا ہے، جو ظلم ہو رہا ہے یہ بہت ظالمانہ اقدام ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ یہ پارلیمان قرارداد پاس کرے، ہم سمجھتے ہیں تمام ادارے ہمارے ہیں، خیبرپختونخوا ہاؤس پر حملہ غیر قانونی ہے، کل پورے ملک میں پُرامن احتجاج کی کال دی ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں آئینی ترمیم کے لیے زور زبردستی کو بند کیا جائے، جو 60 لوگ اغوا کیے ہیں انہیں چھوڑا جائے۔