راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی آذربائیجان کی قومی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ آذربائیجان کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات مضبوط کرنے پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر خطے کی سکیورٹی اور متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، ملاقاتوں میں امن و استحکام کے لیے اجتماعی عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
آذربائیجان کی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کرنے کے لیے تعاون کو وسعت دینے کا عزم کیا۔