9 مئی مقدمات: عمران خان کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوشن کو دلائل کا آخری موقع

Published On 02 November,2024 05:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر پراسیکیوشن کو دلائل کا آخری موقع دے دیا۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف 9 مئی کے مختلف مقدمات کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کے پاس شواہد نہیں ہیں اسی وجہ سے سپیشل پراسیکیوٹر دلائل کیلئے نہیں آتے۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ پراسیکیوشن نے لکھ کردیا ہے آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کریں گے، پراسیکیوشن کو گیارہ تاریخوں پر موقع دیا ہے کہ پیش ہو جائیں اور دلائل دیں، اگر آئندہ سماعت پر سپیشل پراسیکیوٹر پیش نہ ہوئے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دیا جائے گا۔

بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتوں پر پراسیکیوشن کو دلائل کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔