کراچی:(دنیا نیوز) میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کا پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کے دوران 96 طلبا ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوگئے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کا پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے پر تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جس میں ابتدائی طور پر 150 طلبا اور طالبات کو تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تھا ۔
ذرائع کا کہنا تھا گز شتہ روز طلب کیے گئے 96 طلبا ایف آئی اے کے دفتر میں تفتیش کیلئے پیش ہوئے جس دوران تمام طلبا کے والدین کی موجودگی میں بیانات قلمبند کیے گئے۔
ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ طلب کیے جانے والے 150 طلبا نےایم ڈی کیٹ میں 200 میں سے 190 نمبر حاصل کیے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش طلبا نے پرچہ یا گیس پیپر کے مبینہ طور پر لیک ہونے کی تفصیلات فراہم کی جب کہ کچھ طلبا نے بتایا کہ واٹس ایپ کے ذریعے ایک روز قبل انہیں ملتاجلتا پرچہ موصول ہوا جب کہ طلبا کی جانب سے پرچہ بیجنے والے افراد کے نمبرز بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔
ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ اب تک کی تفتیش میں 100 فیصد لیک پرچے کے حوالے سے معلومات نہیں ملیں، چند روز میں تمام طلبا کے بیانات سامنے آنے کے بعد مزید تفتیش کو آگے بڑھایاجائے گا۔
دوسری جانب اعلیٰ افسروں نے ایف آئی اے کو ہدایت جاری کی ہے کہ جو طلبا خود بیان دینے آئیں ان کا بیان قلم بند کرلیا جائے، دوران تفتیش افسر طلبہ پر زیادہ سختی نہ کریں اور تفتیش کیلئے دیگروسائل برؤے کارلائیں۔