اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس 5 نومبر کو طلب کر لیا۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹریٹ کے قیام، آئینی بینچز کے لیے ججوں کی نامزدگی پر غور ہوگا اور آئینی بینچ کے ایک ممبر کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی بھی ہوگی۔
اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین شرکت کریں گے، اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شرکت کریں گے۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین، پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک، ن لیگ کے شیخ آفتاب احمد شرکت کریں گے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے عمر ایوب اور شبلی فراز بھی شرکت کریں گے، خاتون ممبر روشن خورشید بھی اجلاس میں شریک ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کرکے فہرست کمیشن کو بجھوا دی تھی۔
جوڈیشل کمیشن کے لیے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب، سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کے لیے سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور سینیٹر شبلی فراز کو نامزد کیا گیا۔