سی سی پی او لاہور کی چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے اقدامات کی ہدایت

Published On 07 November,2024 10:02 am

لاہور: (دنیا نیوز) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور بلال صدیق کمیانہ نے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سول لائن اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

اس موقع پر سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ چینی باشندوں کے تحفظ کیلئے جاری ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، رائیونڈ اجتماع کے دوسرے سیشن کیلئے بھی فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں، رائیونڈ اجتماع کی پارکنگ اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منشیات فروشوں کی بیخ کنی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، سپروائزری افسران انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کریں، کوالٹی آف انویسٹی گیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مظلوم کو بروقت انصاف مل سکے، تفتیش میرٹ اور پروفیشنل انداز میں کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی فائدہ اٹھایا جائے، ہاٹ سپاٹ ایریاز میں انتظامیہ کے تعاون سے پارکنگ سٹینڈز بنوائیں، موبائل سنیچرز اور موٹر سائیکل چوروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ پر فوکس کریں، ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مربوط سکیورٹی بیریئرز لگوائے جائیں، افسران مظلوم کو انصاف کی فراہمی کے لئے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔