راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنة الخوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دلیری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 4 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار تائب شاہ شہید (عمر 38 سال، ساکن ضلع ٹانک)، لانس نائیک گلاب زمان شہید (عمر 30 سال، ساکن ضلع کرک)، لانس نائیک حبیب اللہ شہید (عمر 28 سال، ساکن ضلع اورکزئی)، لانس نائیک مزمل محمود شہید (عمر 37 سال، ساکن ضلع کرک) شامل ہیں۔
تمام شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا، شہدا کی نماز ِ جنازہ اور تدفین میں عسکری وسول حکام، پاک فوج کے جوانوں، شہدا کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر شہدا کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔