کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، اس حوالے سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
کراچی میں 6 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر وارڈ کی 10 نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے 68 امیدواروں میں مقابلہ ہو رہا ہے۔
کراچی میں ضلع جنوبی، ضلع غربی، ضلع کیماڑی، ضلع وسطی، ملیر اور کورنگی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں جس کیلئے 168 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ان میں 136 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ 26 پولنگ اسٹیشن حساس اور 5 نارمل قرار دیئے گئے۔
لیاقت آباد کے تمام 31 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دے دیا گیا ہے، یوسی 9 ٹی ایم سی ملیر میں قائم 11 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں اور یوسی 8 ٹی ایم سی ماڈل کالونی میں قائم 21 پولنگ سٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں، یوسی 13 ٹی ایم سی صدر میں 7 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس، 5 حساس اور 5 نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔
حکام الیکشن کمیشن ک مطابق حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشن پر 16 سے 18 پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر 8 سے 12 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔