تعلیمی اداروں کی نجکاری ملک کیلئے خطرناک ہے، حافظ نعیم الرحمان

Published On 16 November,2024 07:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کی نجکاری ملک کیلئے خطرناک ہے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے یوتھ گیدرنگ کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دینا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملکی وسائل پر قابض ہیں ہمیں انہیں معزول کر دینا چاہئے، جہاں تعلیم کاروبار بن جائے اس ملک کی تضحیک اس سے زیادہ ہو نہیں سکتی، ملکی وسائل ہمارے بچوں پر لگنے چاہئیں، سب کو ایک جیسی تعلیم فراہم کی جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں ایک نظام، ایک نصاب اور ایک زبان ہونی چاہئے، تعلیمی اداروں کی نجکاری پاکستان کیلئے خطرناک ہے، نوجوانوں کو اسکے خلاف مزاحمت کرنا ہو گی، دنیا اے آئی میں آگے بڑھ رہی ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اگر سرکاری پالیسیاں درست کر لی جائیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے، تنقید کر کے مسئلہ حل نہیں ہوتا اس لئے ہم نے "بنو قابل پروگرام" شروع کیا ہے، ہم دو سال میں 10 لاکھ بچوں کو تربیت دیں گے۔