نیکٹا اور صوبوں کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کا فیصلہ

Published On 03 December,2024 11:30 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور صوبوں کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ رواں برس اکتوبر تک 7984 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے جامع اقدامات کئے جائیں جبکہ پی ٹی اے کے تعاون سے دہشت گرد گروپوں کے اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے گا، غیر قانونی سمز کی روک تھام کیلئے صوبے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائیں گے۔

آئندہ اجلاس میں پی ٹی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو مؤثر میکنزم پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ موثر کوآرڈی نیشن کے لئے نیشنل فیوژن سینٹر قائم کر دیا گیا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کاؤنٹر ٹیررازم فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مضبوط کیا جائے گا، امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سب نے مل کر کام کرنا ہے جبکہ استعداد کار بڑھانے کے ساتھ تمام صوبوں کی پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ 7 روز میں تمام اداروں کو ضروریات سے متعلق رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیکٹا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لیڈنگ کردار ادا کرے گی، نیکٹا میں اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے جس کا اصل رول بحال کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، محسن نقوی نے چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوسٹل ایریاز میں نارکوٹکس سمگلنگ کو روکنے کیلئے کوسٹل گارڈز کو سہولتیں فراہم کریں گے۔

اجلاس میں انسداد دہشتگردی کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا جبکہ اسلام آباد میں کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا خالد خٹک نے دوسرے جائزہ اجلاس پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، تمام آئی جی، آئی جی ریلویز پولیس، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، آئی جی اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔