شہر قائد کے شہری پانی نہ ہونے پر ہرچوک میں سراپا احتجاج ہیں: منعم ظفر

Published On 21 December,2024 07:01 pm

کراچی:(دنیا نیوز) ضلعی امیر جماعت اسلامی منعم ظفر نے کہا کہ شہر قائد کے شہری پانی نہ ہونے پر ہرچوک میں سراپا احتجاج ہیں۔

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرکا مظاہرے سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں کئی سال سے پانی کا مسئلہ ہے، گزشتہ کئی دنوں سے یہاں کے باسی پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ پانی نہ ہونے کے باعث ہر چوک پر جمع ہیں، یہ یہاں کے ہر فرد کا مسئلہ ہے، شہر قائد کے50 فیصد علاقے پچھلے15دن پانی سے محروم ہیں، دھابیجی کی لائن پھٹ گئی، لوگ پانی سےمحروم ہوئے ہیں۔

منعم ظفرکا کہنا تھا کہ نعمت اللہ خان نے کے تھری اور کے فور منصوبہ دیا، 19سال ہوگئے، کراچی کے پانی کے نظام میں ایک بوند کا اضافہ بھی نہیں ہوا، آپ نے اس شہر کو پانی سےمحروم کیا، وہ شہر جو صوبے کے بجٹ میں 96 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔

ضلعی امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس شہر کو آپ نلکوں میں پانی نہیں بلکہ ٹینکر میں پانی دیتے ہو، پچھلے 15 دن میں آپ نے بارہ ارب روپے کا پانی فروخت کیا، سب کچھ ہو رہا ہے لیکن کے فور کا منصوبہ مکمل نہیں ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہر کو پانی دینے کے لئے تیار نہیں جس پر جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔