چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 کے لئے تعمیراتی لائسنس جاری

Published On 28 December,2024 02:09 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 (سی-5) کے لیے باقاعدہ تعمیراتی لائسنس جاری کر دیا۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے مذکورہ لائسنس کے لئے اپریل 2024ء میں درخواست دی تھی، جس کے ساتھ ابتدائی حفاظتی جائزہ رپورٹ (پی ایس اے آر) اور دیگر متعلقہ ضروری دستاویزات بھی جمع کروائی گئیں۔

ان دستاویزات میں ری ایکٹر کے ڈیزائن، جوہری مواد کے محفوظ استعمال، تابکاری سے تحفظ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، تابکار فضلے کو ٹھکانے لگانے اور نیوکلیئر سکیورٹی جیسے تمام پہلو شامل تھے۔

پی این آر اے نے تمام دستاویزات کے مفصل جائزے اور متعلقہ قومی وبین الاقوامی معیارات اورریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل کے بعد لائسنس جاری کیا، سی 5 ایک جدید ترین تھرڈ جنریشن کا پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر پی ڈبلیو آرہے جو کہ چینی ہوا لونگ ڈیزائن (ایچ پی آر 1000) پر مبنی ہے۔

مذکورہ ڈیزائن کئی ( فعال اور غیر فعال) حفاظتی خصوصیات کے ساتھ ساتھ ڈبل شیل کنٹین منٹ، ری ایکٹر فلٹرڈ وینٹنگ سسٹم اور کئی جدید تکنیکی اختراعات کا حامل ہے اور 60 سال تک لگاتار بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ یہ پاکستان میں اس ڈیزائن کا تیسرا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے۔