پشاور:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ کل آنا ہے، وزرا آج ہی بیانات دے رہے ہیں۔
دنیا نیوزکے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتےہیں بانی سمیت تمام اسیران کی رہائی ہوں، جوڈیشل کمیشن کے بغیر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، بانی کی مشاورت سےہی آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ کل آنا ہے تمام وزرا آج ہی بیانات دے رہے ہیں،اس کا مطلب ہے وزرا کو فیصلے بارے پتہ ہے، ملک میں انصاف کےنظام کا اللہ ہی حافظ ۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کل ہم نےایک بجےمیٹنگ بلائی ہے، ہمیں پتہ ہے یہ کل سزا سنائیں گے، سزا کےخلاف احتجاج اور تمام اسمبلیوں میں آوازاٹھائیں گے، سزا کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔
اسد قیصرنے کہا کہ حکومت کے پاس بہترین موقع ہے مذاکرات سے فائدہ اٹھائے، ہمارا آزاد جوڈیشل کمیشن بنانےکا مطالبہ ہے، جدوجہد میں اتارچڑھاؤ آتے رہتے ہیں، فیصل واوڈا بیچارے کے بیانات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مزاحمت کی طرف بڑھیں گے ناکوں چنےچبوائیں گے، یہ ایک لمبی جدوجہد ہے، ہم آئینی وقانونی جدوجہد جاری رکھیں گے، مذاکرات ایک الگ اورسزا کا معاملہ الگ ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ہم انصاف مانگ رہے ہیں، ڈیل نہیں، کل کے فیصلے کی کوئی قانونی اہمیت نہیں ہو گی، جوبات ہوگی اسی مذاکراتی کمیٹی میں ہو گی، بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں۔