اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم وسینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نےپیرس پروازوں پراشتہارکی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
کورم پورا ہونےپرسینیٹ اجلاس دوبارہ شروع ہونے پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پیرس پروازوں کی بحالی کے لیے ہماری حکومت نے دن رات کام کیا، پی ٹی آئی دورمیں پی آئی اے کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پیرس پروازوں پر اشتہارکی تحقیقات کا حکم دیا ہے، ایفل ٹاورکےساتھ پی آئی اےطیارے کا غلط تاثرگیا، پی آئی اے میں 6 بوئنگ طیارے آپریشنل ہیں، انگلینڈ کےلیےپروازوں کی بحالی کےلیےکام جاری ہے۔
نائب وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ کی ایک ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرےگی، مارچ، اپریل تک انگلینڈ کے لیے پروازیں بحال ہوجائیں گی،بہترہوگا پی آئی اے کی نجکاری ہوجائے، پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کام ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ چار سال سے زیادہ عرصے تک یورپی یونین کی پابندی ہٹائے جانے کے بعد جمعہ کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز نے پیرس کے لیے اڑان بھری تھی۔ تاہم اس موقع پر ایئرلائن کی جانب سے بنایا گیا اشتہار سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آیا تھا۔
اس تشہیری تصویر کا مقصد تو یہ خوشخبری دینا تھا کہ پی آئی اے پیرس تک اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے لیکن اس نے بعض لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ آیا یہ خوشخبری ہے یا انتباہ۔
اشتہارات میں لگائی کی تصویر میں پی آئی کے طیارے کو ایفل ٹاور کے بالکل سامنے دکھایا گیا ہے اور اس کے ساتھ لکھا تھا پیرس ہم آج آ رہے ہیں جسے دیکھ کر بظاہر یہ گمان ہوتا ہے کہ طیارہ ایفل ٹاور سے ٹکرانے والا ہے۔