پاکستان اور ترکیہ کو مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے: عطا تارڑ

Published On 16 January,2025 12:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اورترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں پاک ترکیہ فرینڈ شپ ریڈیو میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اس میوزیم کے ذریعے ریڈیو پاکستان کے کردار اور تاریخی پس منظر کو آئندہ وقت کیلئے محفوظ کیا، جو قومیں ماضی پر فخر نہیں کرتیں وہ کبھی ترقی نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کو پتالگا کہ ترکی کے مسلمانوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے، برصغیر کے لوگوں نے مشکل وقت میں ترکیہ کے عوام کی مدد کی، پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کی طویل تاریخ ہے، پاکستانی عوام ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پاک ترکیہ فرینڈ شپ ریڈیو میوزیم کا قیام اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے، قائداعظم کی ریڈیو پر ریکارڈ تقاریر بھی ہم نے سنیں، بہت سے لوگوں نے ریڈیو پاکستان سے کیریئر کا آغاز کیا، آج ہماری اکانومی زراعت پر منحصر ہے، زراعت کے حوالے سے ریڈیو پر معلومات دی جاتی تھیں، معیشت کی بہتری میں بھی ریڈیو کا کردار اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں اتنی خیرات کوئی اور قوم نہیں کرتی جتنی پاکستانی کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں زلزلہ آیا تو پورے پاکستان سے لوگ امدادی سامان لیکر پہنچے، عوام کو ریڈیو پاکستان کے کردار سے اجاگر کرنا ہے۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان ہم سب کا ادارہ ہے،اس کی فلاح وبہبود ہم سب کی ذمہ داری ہے، میوزیم کے قیام کا مقصد آئندہ نسلوں کو پاک ترکیہ تعلقات کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔