پنجاب میں بلدیاتی اداروں كا قیام عمل میں لایا جائے: ہمایوں اختر خان

Published On 19 January,2025 09:41 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں كا قیام عمل میں لایا جائے۔

سابق وزیر ہمایوں اختر نے حلقہ این اے 97 میں سیاسی سرگرمیاں کا آغاز کر دیا، انہوں نے اپنے حلقے کے دورے کے دوران کسانوں، سماجی شخصیات اور علاقہ عمائدین سے ملاقاتوں کیں، مختلف افراد کے گھر بھی پہنچے جہاں ان کے عزیز و اقارب کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں كا قیام عمل میں لایا جائے، بلدیاتی اداروں كے نہ ہونے كی وجہ سے دیہی علاقوں میں عوام كے بنیادی مسائل حل نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی فی الفور قانون سازی كرے اور بلدیاتی انتخابات كرائے جائیں، فنڈز اراکین اسمبلی اور بیورو کریسی کے بجائے عوام کے حقیقی نمائندوں تک منتقل ہونے چاہئیں۔

ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ میرا جینا مرنا حلقہ این اے 97 کے عوام کے ساتھ ہے، عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، موجودہ حكومت میں كسان مشكلات سے دوچار ہیں، حكومت كسانوں كی مشكلات كو دور كرنے كیلئے ٹھوس اقدامات كرے۔