وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی خانیوال میں شہید غلام سعید کے گھر آمد، اہلخانہ سے تعزیت

Published On 13 July,2025 08:01 pm

خانیوال :(دنیا نیوز) صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے خانیوال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے غلام سعید کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

وفاقی وزیر کے ہمراہ صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد اور جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی بھی موجود تھے، انہوں نے شہید غلام سعید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔

اہل خانہ نے عبدالعلیم خان کو بتایا کہ شہید کے چھ بچے ہیں اور ان کے والد بھی بیٹے کی شہادت کے صدمے سے وفات پا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہید غلام سعید نے بلوچستان میں دہشتگردی کا خمیازہ بھگتا اور ان کے پاس وہاں کوئی جائیداد نہیں تھی، ہمیں بھارت کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔