فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علیم خان نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبے ضرور بنیں گے جن سے انتظامی کنٹرول مضبوط ہوگا۔
فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علیم خان نے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں تین، تین صوبے بنانے سے عوام کو فائدہ ہوگا، بلوچستان اور کے پی میں بھی تین، تین صوبے بنائے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے گردونواح کے تمام ممالک میں چھوٹے چھوٹے صوبے ہیں، صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کریں گے کہ صوبوں کی تقسیم کیلئے ساتھ دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز شہادتیں دے کر ہمارے بچوں کو بچارہے ہیں، کیا بھارت پاکستان کا وجود تسلیم کرتا ہے؟ آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا کہ دشمن کے 7 طیارے گرے، ہمارا ایک بھی نہیں، کیا ان کی خدمات کا صلہ یہ ہے کہ ہم ان کو برا بھلا کہیں؟ 10 مئی کی فتح کے بعد دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا مگر پاکستان کی کامیابی پر کچھ لوگ اندر سے جلن کا شکار ہیں۔
علیم خان نے کہا ہے کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم ہمیشہ اپنی پاک فوج کےساتھ ہی کھڑے ہوں گے، ہمیں ووٹ بے شک مت دیں مگر جو ملک کا خیرخواہ نہیں اسکا ساتھ مت دیں، ہرچیز بعد میں ہے سب سے پہلے پاکستان آتا ہے، سپہ سالار کسی حکومت کے نہیں پاکستان کے محافظ ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ 10 مئی سے پہلے دنیا سمجھتی تھی یہ قوم بس بھکاری ہی ہے، جنگ کے بعد دنیا کو پتہ چلا کہ پاکستان طاقتور ملک ہے، یہ عزت اور اعزاز اللہ نے دیا ہے مگر کچھ لوگ کو تکلیف ہو رہی، آج ہم پر سکون آرام کرتے ہیں تو اسکی وجہ پاک فوج ہے، ہمارا فرض بنتا ہے جو ملک اور فوج کے خلاف زبان چلائے اسکا منہ توڑدیں۔
وفاقی وزیرمواصلات کا کہنا تھا کہ حکومتیں اور عہدے آنے جانے ہیں ملک کی سلامتی ضروری ہے، سوشل میڈیا پر نوجوان انکا منہ توڑیں جو فوج کےخلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں، ہمارے گھروں پر ڈرون آئے اگر جواب نہ دیتے تو وہ ہمیں کبھی نہ چھوڑتے۔
عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سپہ سالار دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالتے ہیں، ایک پارٹی کا کہنا تھا ٹرمپ آئے تو ہم باہر آجائیں گے، آج وہ ہی ٹرمپ بھی سپہ سالار کی تعریف کرتے ہیں، ٹرمپ ہر تقریر میں پاکستان کی جیت کی تصدیق کرتا ہے، چیف آف آرمی سٹاف کے پاس اب نیا عہدہ ہے، اب تمام افواج کی قیادت انکے پاس آگئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پوچھنا چاہتا ہوں جو سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہیں کیا بھارت پاکستان کو رہنے دے اگر پاکستان کی فوج نہ ہو؟ بزرگ بتاتے ہیں مسلمانوں کے ساتھ ہندو کیسا سلوک کرتے تھے، پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے جس کی وجہ افواج پاکستان ہے، ہمارے بچے ہمارے بھائی بارڈر پر گولیاں کھاتے ہیں تاکہ آپ سلامت رہیں، اپنی ماں بہنوں کو بیوہ کروا دیتے ہیں تاکہ آپ محفوظ رہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ جس کا بچہ شہید ہوتا ہے ان والدین سے پوچھیں، 50 ہزار یا ایک لاکھ روپے کے لیے کوئی قربانی نہیں دیتا، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، بے شرم لوگ اپنے ہی ملک کی فوج کو گالیاں نکالتے ہیں۔



