رمضان شوگر مل ریفرنس: وزیراعظم کے وکیل سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب

Published On 20 January,2025 10:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی کرپشن عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل سے بریت کی درخواست پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے۔

اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی، شہباز شریف کی جگہ ان کے پلیڈر انوار حسین حاضری کیلئے پیش ہوئے۔

دوران سماعت معاون وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ شہباز شریف کے سینئر وکیل امجد پرویز آج دلائل کیلئے دستیاب نہیں مہلت دی جائے، عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز حاضری کیلئے عدالت پیش نہ ہوئے، حمزہ شہباز کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز بیٹی کا چیک اپ کرانے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں، عدالت حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اینٹی کرپشن کورٹ میں بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

نئے نیب قانون کے تحت یہ کیس احتساب عدالت سے اینٹی کرپشن کورٹ منتقل ہوا ہے، شہباز شریف پر سرکاری خزانہ سے رمضان شوگر ملز کے فائدہ کیلئے گندہ نالہ کی تعمیر کا الزام ہے۔