مذاکرات میں ملکی مفاد سامنے رکھا جائے، نوازشریف کی شہباز شریف کو ہدایت

Published On 19 January,2025 05:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی۔

جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے ملکی سیاسی صورتحال اور پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک کے لئے ہم سب کو اکٹھا ہو کر چلنا ہوگا، انہوں نے وزیر اعظم کو ہدایت کی کہ مذاکرات میں ملکی مفاد کو سامنے رکھا جائے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہبازشریف نے اب تک ہونیوالے مذاکرات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا، شہباز شریف نے بریف کیا کہ ملکی معاشی حالات بہتر ہوگئے، حالات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی معاشی بدحالی دور کرنے کیلئے حکومت کی کوششیں رنگ لائی ہیں، مہنگائی کے گراف میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔