سارہ قتل کیس: ملزم کی سزا میں اضافے کیلئے سالیسٹر جنرل کا کورٹ آف اپیل سے رجوع

Published On 21 January,2025 11:34 am

لندن: (ویب ڈیسک) 10 سالہ سارہ شریف قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سالیسٹر جنرل نے سارہ شریف کے قاتل والد عرفان شریف کی سزا میں اضافے کیلئے کورٹ آف اپیل سے رجوع کرلیا۔

سالیسٹر جنرل کا کہنا ہے کہ سارہ شریف کو ناقابل تصور درد، پریشانی اور بے چینی سے گزرنا پڑا، عرفان شریف کو غیر معمولی طور پر نرم سزا سنائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ عدالت نے عرفان شریف کو کم از کم 40 اور سوتیلی والدہ کو کم از کم 33 برس کی سزا سنائی تھی، کورٹ آف اپیل کی عدالت اب فیصلہ کرے گی کہ کیا سزا میں اضافہ کیا جائے یا نہیں۔

خیال رہے کہ 10 اگست 2023 کو 10 برس کی سارہ شریف کی لاش ووکنگ میں گھر سے ملی تھی۔

برطانوی پولیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سارہ کے والد، چچا اور سوتیلی ماں سارہ کی لاش ملنے سے چند گھنٹے قبل پاکستان روانہ ہو گئے تھے، سارہ سے متعلق اطلاع پاکستان سے اس کے والد نے ایمرجنسی نمبر پر دی تھی۔

برطانیہ کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا گیا تھا، ایک ماہ بعد برطانیہ واپس آنے پر تینوں کو جہاز سے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔