اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان ، بالائی خیبر پختونخوا اورشمال مغربی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبر پختونحوا کے علاقے پٹن، مالم جبہ میں 12 ملی میٹر، چترال 9، دِیر بالائی 9، زیریں 6، دروش 5، کاکول 4، سیدو شریف ، میرکھانی میں 3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح کشمیر کے علاقے مظفر آباد ایئر پورٹ میں 7 ملی میٹر، سٹی 6، کوٹلی، راولاکوٹ 1، گلگت بلتستان کے علاقے استور میں 10 ملی میٹر، گوپس میں 2 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی، اس دوران کالام 9، مالم جبہ 7 اور استور میں 2 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔
آج کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 9، گوپس، سکردو منفی 5، ہنزہ، استور منفی 2، کالام منفی 1 اور گلگت میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔