اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ الیکشن سے قبل اوور سیز پاکستانی ووٹنگ کیس کا فیصلہ کر دیں گے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم آئینی بنچ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ کیس میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ ہے۔
دوران سماعت جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آج وقت کم ہے، اس کیس کو جلد سن لیں گے، ابھی تو الیکشن ہو بھی نہیں رہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ الیکشن سے پہلے اس کیس کا فیصلہ کر دیں گے، کیس کی آئندہ سماعت دو ہفتوں بعد ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔