جی ایچ کیو حملہ کیس: استغاثہ کے مزید 4 گواہان کی شہادتیں قلمبند

Published On 22 January,2025 05:52 pm

راولپنڈی :(دنیا نیوز) جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید 4 گواہان کی شہادتیں قلمبند ہوگئیں، وکیل مشعال یوسفزئی کو معطل لائسنس کے باوجود پیش ہونے پر شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا۔

بدھ کے روز انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی جس کے دوران بانی پی ٹی آئی کی وکیل مشعال یوسفزئی معطل شدہ لائسنس کے باوجود پیش ہوئیں تو پراسیکیوشن نے اعتراض اٹھا دیا۔

عدالت نے معطل شدہ لائسنس کے باوجود عدالت پیش ہونے پر مشعال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

جج امجد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مشعال یوسفزئی عدالت کو اپنے دفاع میں مطمئن نہیں کرسکیں اور پروفیشنل مس کنڈکٹ کی مرتکب ہوئی ہیں، وضاحت کریں کہ جعل سازی پر کیوں نہ آپ کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔

آئندہ سماعت پر مشعال یوسفزئی سے جواب طلب کرلیا گیا،سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید چار گواہان کی شہادت قلم بند کی گئی۔

خیال رہے مقدمہ میں مجموعی طور پر 9 گواہان کی شہادتیں ریکارڈ ہو چکی ہیں،جی ایچ کیو حملہ کیس کی مزید سماعت ہفتہ 25 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔