اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چارٹرآف ڈیمانڈ کا 7روز تک جواب دیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی نےغلطی کی ہے، یہ پیسے برطانیہ میں پکڑے گئے، جب معاملہ کابینہ میں آیا اسی دن سے شور شروع ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نےکرپٹ پریکٹس کی ہے، یہ پیسے منی لانڈرنگ کےچکرمیں پکڑے گئے، برطانوی قانون کے مطابق یہ پیسے پاکستان کو واپس آنے تھے، بانی پی ٹی آئی نے زمین کی فیور لی، اس کیس میں فیوردی گئی اور پھر چیزیں لی گئیں۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ تھرڈ پارٹی کے بغیر معاہدہ نہیں ہو سکتا تھا، تھرڈ پارٹی حکومت ہے اور حکومت نے فیور دی ہے، یہ کرپشن ہے برطانیہ میں فیوردے کر7 سے 8 ارب حاصل کیا گیا، کسی ٹیکنکلی گراؤنڈ پر اگر کوئی معاملہ آتا ہے تو وہ الگ بات ہے، دوسروں کو چور، ڈاکو کہنے والے نے فیور دے کر رقم لی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خود یہ اپنی رسیدیں نہیں دکھا سکا، القادرٹرسٹ کے مالک عمران خان اوران کی اہلیہ ہیں، جو ٹرسٹ ہوتا ہے وہ ٹرسٹی کی ملکیت ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نومئی کو شہدا کی یادگاروں کو جلایا گیا، نو مئی کے مجرمان کو رہائی کے بعد ہار پہنائے گئے، نو مئی کے مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں، ہمارا کریمنل جسٹس سسٹم ایسا ہے شک کا فائدہ ہمیشہ ملزم کو جاتا ہے، شک جج کو کسی بھی وقت پڑسکتا ہے۔
مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آرنےپریس کانفرنس میں کہا تھا نو مئی پر پہلے صدق دل سے معافی مانگیں، انہوں نے پہلے گھر کو آگ لگائی اور پھر الزام بھی ہم پر لگا رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر سب کمیٹی کام کر رہی ہیں اس کا 7 روز بعد جواب دیں گے، انہوں نے چارٹر آف ڈیمانڈ پہلے میڈیا کو جاری کیا تھا، مطالبات کا تحریری جواب پیش کریں گے، حکومت اور اپوزیشن میں معاملات مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں، کوئی سمجھوتہ ہو بھی سکتا ہے نہیں بھی، حتمی جواب تیار ہونے تک تب تک کچھ نہیں کہہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بالکل نہیں کہہ رہا کہ جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا، اگرکسی بات پراتفاق رائے ہو گا تو وزیراعظم تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے، پی ٹی آئی نے بیس سے بائیس نکات اٹھائے ہیں ان کا جواب دیں گے۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب یہ ضمانت کے لیے اپلائی کریں گے تو پراسیکوشن نے مخالفت تو کرنی ہے، ضمانت لینے کا اختیار عدالت کے پاس ہے، میرے خلاف منشیات کا کیس سزائے موت دلانے کے لیے بنایا گیا تھا، بعد میں وہ کیس ختم ہوگیا۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ میرا نہیں خیال بانی کے باہر آنے سے سیاسی ٹمپریچر نیچے آئے گا، عمران خان کےخیالات 2014 والے ہی ہے، پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا۔