چیئرمین نیب کا دورہ لاہور، متاثرین میں 70 ارب کے پلاٹ اور 97 کروڑ کے چیک تقسیم

Published On 24 January,2025 02:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد نے نیب لاہور بیورو کا اہم دورہ کیا، نیب لاہور میں پلاٹوں کے ایلوکیشن لیٹر اور چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں 8310 متاثرین میں 70 ارب مالیت کے پلاٹ اور 97 کروڑ مالیت کے چیک کی تقسیم کا آغاز کیا، سٹیٹ لائف سوسائٹی کے 2003ء سے پلاٹوں کی ایلوکیشن کے منتظر 6750 متاثرین میں 70 ارب مالیت کے ایلوکیشن لیٹر بذریعہ لیک سٹی ہولڈنگ جاری کئے، نیب کی زیر نگرانی سٹیٹ لائف کوآپریٹو سوسائٹی کا لیک سٹی میں الحاق اور تین سال میں ڈویلپمنٹ مکمل کرکے پوزیشن مکمل کی جائے گی۔

چیئرمین نیب نے مذکورہ کیسز میں ریکوری کو نیب لاہور کی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری قرار دیا، چیئرمین نیب نے نیب لاہور میں بزنس کمیونٹی کیلئے بزنس سہولت سیل کا افتتاح کیا، چیئرمین نیب نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کے پراپرٹی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے لاہور میں سہولت سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے لاہور میں بھی مخصوص عدالت قائم کرے تاکہ ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل ہوں، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے بھی لاہور میں سہولت سیل کے قیام کے احکامات دیئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ جن کاموں میں ماضی میں سال لگتے تھے ہم ہفتوں میں مکمل کروا کر دیں گے، پنجاب میں رئیل اسٹیٹ ایکٹوٹیز کو تیز تر کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈویلپرز اور ریگولیٹرز کے مسائل ایک چھت تلے حل کرنا چاہتے ہیں تاکہ سکیم کی منظوری اور ڈویلپمنٹ میں تیزی لائی جائے، سٹیٹ لائف اور فارمانائیٹس ہاؤسنگ سکینڈلز کو نیب لاہور ٹیموں نے انتہائی محدود وقت میں حل کیا جو قابل تعریف ہے۔

سٹیٹ لائف کوآپریٹو اور فارمانائیٹس ہاؤسنگ کی کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کو چیئرمین نیب نے تعریفی اسناد پیش کیں، روانگی سے قبل چیئرمین نیب نے کمینٹس بک میں اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا۔