اسلام آباد: (دنیا نیوز) 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کیخلاف اپیلیں تیار ہو گئیں، ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔
اپیل کے ڈرافٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے سزا کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جائے گی، اپیل میں استدعا کی جائیگی کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ احتساب عدالت کا 17 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
اپیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو بری کرنے کی استدعا کی جائیگی، بانی پی ٹی آئی کی اپیل 18 صفحات پر مشتمل ہے۔
اپیل کے ڈرافٹ کے مطابق نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی۔
اپیل کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے، این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا ، استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔