گرینڈ اپوزیشن الائنس بنائیں گے، طے ہو چکا حکومت کیساتھ نہیں بیٹھنا: شیخ وقاص

Published On 25 January,2025 10:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ یہ طے ہو چکا ہے کہ حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھنا، ہم گرینڈ اپوزیشن الائنس بنائیں گے، حکومت کے منافقانہ رویے کی وجہ سے مذاکرات ختم ہوئے۔

پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت نے خود 28 کی میٹنگ بلائی، ہم نے تو نہیں کہا تھا، موقع دینا ہے تو بانی پی ٹی آئی نے دینا ہے، مذاکراتی کمیٹی کوئی موقع نہیں دے گی۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم اب ایک گرینڈ اپوزیشن الائنس بنائیں گے، پیپلزپارٹی بطور اتحادی حکومت کو بلیک میل کر رہی ہے، اپوزیشن الائنس کیلئے پیپلزپارٹی سے رابطہ نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی حکومت سے خوش نہیں تو باہر نکلے، نخرے کیوں کر رہی ہے، بلاول بھٹو شہباز شریف کو 5 سال پورے کروا رہے ہیں تو رو کیوں رہے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے سب پہلے جنید اکبر کو مبارکباد دی ہے، یہ وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے کہ وہ جہاں جائیں ان کے ساتھ مشینری جائےگی۔