اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ28جنوری کی مذاکراتی نشست میں نہیں بیٹھیں گے
اسلام آباد میں شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج طویل ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران عمران خان سے حکومت کے مذاکرات کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک مقدمے میں ملاقات کیلئے گئے تھے، عمران خان کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے پر ہم28 جنوری کی نشست میں نہیں بیٹھیں گے، بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا ہے کہ مذاکرات کو کمزوری نہ سمجھاجائے۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نےپھر دہرایا کہ ہم نے مذاکرات کا دروازہ کھولا، 8فروری کو لوگ باہرنکلے،ہم نےلاہورسمیت ہرجگہ میدان مارا، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، ہم اس کے لیے عدالتوں میں بھی گئے۔
سیکرٹری تحریک انصاف نے کہا کہ آئینی و قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، سیاسی جنگ بھی لڑتے رہیں گے، مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ہم لاپتہ افراد کا کیس اٹھائیں گے، عمران نے کہا جوڈیشل کمیشن کے معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔