حکومتی کمیٹی سیاسی کشیدگی کم کرنے میں ناکام رہی ہے: فواد چودھری

Published On 26 January,2025 10:58 pm

جہلم:(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومتی کمیٹی سیاسی کشیدگی کوکم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹو نائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت بانی سے ایک ملاقات نہیں کراسکی، حکومت کو ٹمپریچر نیچے لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں محمود اچکزئی، مولانا فضل الرحمان کوبھی شامل کرنا چاہیے، تحریک انصاف سٹریٹ پاور کی طرف واپس جائے گی اور گرینڈ آلائنس بنا کراحتجاج کی کال دے گی۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی کے1300سے زائد لوگ گرفتارہیں، حکومتی کمیٹی سیاسی کشیدگی کوکم کرنے میں ناکام رہی ہے، پی اے سی کےمعاملے کا مذاکرات سےکوئی تعلق نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی میں نئے لوگوں کو نہیں جانتا، بانی پی ٹی آئی کےساتھ ہوں،اس دفعہ پی ٹی آئی گرینڈ سیاسی آلائنس کےساتھ باہر نکلے گی، یہ ملک  گیر تحریک ہوگی جس کا کافی اثرہوگا، پی ٹی آئی، جےیوآئی، وکلا کو اکٹھا ہونا ہو گا، مسلسل کوشش ہے کہ معاملات مذاکرات سےحل ہوں۔

آخر میں سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 8فروری کومعلوم ہوگا جنید اکبرکیسا پرفارم کرتےہیں، عوام اوراداروں میں فاصلے کم ہونےچاہئیں۔