کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہم سب کو پاکستان کی ترقی میں مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عید گاہ شریف گراؤنڈ میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے بھی اس تاریخی مسجد میں نماز ادا کی، عید گاہ شریف کا تاریخی ورثہ ہماری دینی و ثقافتی شناخت کا مظہر ہے، اسلامی تعلیمات کے فروغ میں مساجد کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ،پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے دین اسلام کی رہنمائی ناگزیر ہے، اللہ نے اس ملک کو بزرگان دین کی دعاؤں کی وجہ سے بچارکھا ہے، بزرگان دین نے اسلام کی تبلیغ میں اہم کردار ادا کیا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کئی بار سنا کہ شہر کراچی میں طوفان آرہا ہے ،قریب پہنچ چکا ہے، سندھ میں ایسا سیلاب آیا کہ دنیا بھی پریشان تھی، لاکھوں پریشانیوں کے باوجود ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہیں، گوگل سرچ کرلیں تو سب کچھ سامنے آجاتا ہے، نبی کریم ﷺکی سیرت پر عمل کرنے سے گوگل سے زیادہ رہنمائی ملے گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے، ہم سب کو اللہ تعالیٰ کو راضی کرنا ہے، ایک دوسرے کو صفوں اور دلوں میں جگہ دیں، ایک دوسرے کو دلوں میں جگہ دینے سے ہی استحکام ممکن ہے، سگے بھائی سے بھی ناراضگی ہوتو 10سال تک ہاتھ نہیں ملاتے، سب سے پہلے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سے معافی مانگنی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دلوں میں احساس اور محبت پیدا کرنے کی ضرورت ہے، سب صاف پانی ہی پینا پسند کرتے ہیں، کامران ٹیسوری دلوں سے کچرا نکال کر احساس اور محبت پیدا کریں، اپنی کوتاہیوں کو درست کرکے پاکستان کی خدمت کرنی ہے، ہر فرد کو پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے، پاکستان ہمارے لیے بہت بڑی نعمت ہے،اللہ کا پاکستان پر خاص کرم ہے ۔
بعدازاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عید گاہ شریف میں جمعہ اجتماع میں ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کے لئے دعا کی، گورنر سندھ نے علماء کرام اور عوام سے ملاقات کی اور اتحاد و یکجہتی پر زور دیا، پیر حسن حسیب الرحمان، مفتی سہیل امجدی اور دیگر علماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔