لاہور:(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) مل کر ان تمام مسائل کو حل کرنا ہو گا۔
لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ معیاری اور جدید تعلیم سے آراستہ مزید پروگراموں کا جلد اعلان کریں گے، 60اور 70کی دہائی میں دنیا ہمارے تعلیمی نظام کو سراہتی تھی، آج ہمیں اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ممالک تعلیم اورصحت کے شعبے میں ہم سے بہت آگے ہیں، ہمیں اپنی سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ان شعبوں میں بہتری لانا ہوگی، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند بھی بنانا ہے۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو انتشار کی سیاست نہیں بلکہ صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف آنا چاہیے، صوبے میں کالی بھیڑوں کے سد باب کے لئے ٹھوس اقدام اٹھانا ہوں گے تاکہ ملک بہتر انداز میں آگے بڑھ سکے۔