پشاور: (دنیا نیوز) مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت کالے قوانین کے ذریعے اقتدار کو طول دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ اور 26 ویں ترمیم 8 فروری کے الیکشن پر ڈاکہ ڈالنے کو تحفظ دینے کی کوشش ہے 8 فروری کو پیکا ایکٹ اور 26 ویں ترمیم سمیت غیر قانونی ہتھکنڈوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو فارم 47 کا استعمال کرکے جمہوریت پر شب خون مارا گیا تھا، حکومت نامکمل پارلیمنٹ سے کالے قوانین پاس کر رہی ہے، صحافیوں سمیت ہر شعبہ اور مکتبۂ فکر کو 8 فروری کے احتجاج میں شرکت کی دعوت ہے، حکومت کالے قوانین کے ذریعے اپنے اقتدار کو طول دینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ اور 26 ویں ترمیم حکمرانوں کے گلے پڑے گی، 8 فروری ملک کو مینڈیٹ چوروں کے چنگل سے آزاد کرانے کے عہد کا دن ہے۔