پارلیمانی بالادستی سے علاقائی تعاون کو فروغ دیں گے: سپیکر پنجاب اسمبلی

Published On 08 February,2025 05:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پارلیمانی بالادستی سے علاقائی تعاون کو فروغ دیں گے، جمہوری روایات، عوامی اعتماد اور آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کام کریں گے۔

پنجاب اسمبلی میں منعقدہ سی پی اے کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہم نے جو پلان دیا وہ تمام ممالک کی ترقی کے لئے کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پی اے نے لاہور چارٹر پاس کیا جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ خطہ کے ممالک جمہوری طور پر ترقی کریں، پارلیمانی سفارت کاری سے ہم حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سی پی اے لاہور چارٹر کے ذریعے کوشش کریں گے تمام پارلیمنٹ اپنے لوگوں کی ترقی کے لیے کام کریں، سی پی اے لاہور چارٹر سے اس چیز کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم جمہوری روایات، عوام اعتماد ، آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے کام کریں گے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم گرین انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی کےلیے پلاننگ ترتیب دیں گے، خواتین، نوجوان، معذور، اقلیتوں کی پارلیمنٹ میں برابری کی بنیاد پر نمائندگی یقینی بنائیں گے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میں قومی اسمبلی کو بطور سی پی اے ایشیا کے سیکرٹریٹ کے انتخاب کے طور پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، حکومتی سسٹم میں سول سوسائٹی پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے دی جانے والی تجاویز پر اصلاحات متعارف کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیجیٹل تعاون اور سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے قانون سازی پر توجہ دیں گے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اہمیت اختیار کر گئی ہے، مستقبل میں اس کا انتہائی اہم کردار سامنے آئے گا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کریں گے، تعلیم و صحت میں نئی اصلاحات کا نفاذ کریں گے، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے سپیکرز کو مبارک باد دیتا ہوں جسے سی پی اے ایشیا کا حصہ بنایا گیا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سی پی اے کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک کے سپیکرز اور وفود لاہور شہر سے اچھی یادیں لے کر اپنے ممالک واپس جائیں گے۔