سلمان اکرم راجہ اینڈ پارٹی نےمجھےگرایا: شیر افضل مروت

Published On 14 February,2025 10:38 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیاسی رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجہ اینڈ پارٹی نےمجھےگرایا۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹو نائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ صوابی جلسے میں عوام نے میرے ساتھ محبت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی سے پہلی بار نہیں کم از کم تیسری بار نکالا گیا ہے، مجھے بانی پی ٹی آئی نے نہیں نکالا، جیل میں عمران خان سے سیاسی ملاقاتیں میں نے شروع کروائیں، دوسری ملاقات کے بعد مجھے ہی ملاقاتوں سے باہر کر دیا گیا۔

سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ اینڈ پارٹی نے مجھے گرایا، پارٹی میں میری مقبولیت سے لوگ جیلس ہیں، جیل میں لوگ جاکر بانی پی ٹی آئی کے کان بھرتے ہیں، پارٹی کو بھی نہیں پتا مجھے کیوں نکالا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی میں رہوں یا نہ رہوں، خان کے لیے کام کرتا رہوں گا، اچھا ہےاب ریلیکس ہو کر اپنا کام کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں ترمیم میں جنہوں نے ضمیر بیچا ان کو تو نہیں نکالا گیا، ہر ایم این ایز کو دو ارب آفر ہو رہے تھے، مجھے بھی دو ارب کی آفر ہوئی تھی۔

شیر افضل مروت نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف سازش ہوئی جس میں سیکرٹری جنرل کا بھی کردارتھا، مجھے نکالنے سے پہلے پارٹی کو میرا موقف سننا چاہیے تھا، میرا موقف سنے بغیر فیصلہ اندھیر نگری ہے، سنجیدگی سے سوچنا ہو گا کیا تحریک انصاف صحیح سمت میں جا رہی ہے۔

سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر،علی محمد خان،علی امین گنڈا پور، شہریار آفریدی، اسد قیصر، شاندانہ گلزار کے خلاف بھی سازشیں ہو رہی ہیں، موجودہ حالات میں کسی کا بھی مستقبل محفوظ نہیں ہے، میرے معاملے پر بیرسٹر گوہر کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، سوال یہ ہے یہ خبر بانی پی ٹی آئی تک کس نے پہنچائی؟ مجھے پتہ ہے کہ لاہور کے وکیل نے خبر پہنچائی ہے۔