سندھ حکومت کا لعل شہباز قلندر کے عرس پر عام تعطیل کا اعلان

Published On 15 February,2025 10:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے 19 فروری کو حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عام تعطیل کا اعلان 19 فروری کو حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس پر کیا گیا ہے، 19 فروری کو تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

حضرت لعل شہباز قلندر کا 777 واں عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس 17 فروری سے شروع ہو گا۔

عرس میں شرکت کے لیے زائرین کی آمد کا سلسلہ کئی دن پہلے ہی شروع ہو گیا تھا، زائرین میں مرد، عورت، بوڑھے، بچے سبھی شامل ہیں جنہوں نے دھمال ڈالتے ہوئے مزار کا رخ کیا۔

عرس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جن کی وجہ سے مزار میں داخلے کے لیے لوگوں کی طویل قطاریں دکھائی دیتی ہیں، لعل شہباز کے مزار پر ہر شام ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالی جاتی ہے جو مولانا رومی کے درویشوں کی یاد دلاتی ہے۔