حیدر آباد: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کا سالانہ 773 واں تین روزہ عرس مبارک 17 فروری سے شروع ہوگا۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور صوبائی وزیر اوقاف ریاض حسین شاہ شیرازی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ تین روزہ عرس مبارک میں 25 لاکھ سے زائد زائرین شرکت کریں گے، زائرین کی سہولت کے لئے انڈس ہائے وے پر ہر 30 کلومیٹر پر میڈیکل کیمپ بنایا جائے گا۔
اجلاس میں محکمہ صحت کو عرس کے دوران اضافی ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ، عرس کے دوران سیکیورٹی، طبی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی خدمات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ درگاہ کہ اطراف گداگروں کے خلاف کاروائی اور ترقیاتی کام کو جلد مکمل کرلیا جائے گا، درگاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور بائیو میٹرک تصدیق کا نظام نصب کیا گیا ہے، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور انٹیلیجنس ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں گی۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھاری گاڑیوں کے سیہون میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی کو عرس کے دوران ہوٹلوں اور کھانے پینے کے مراکز کی سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ نے کہا کہ میلے کے دوران غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، عرس کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے حیسکو کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات، کمشنر حیدرآباد، ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد، سیکریٹری اوقاف اور سیکریٹری ثقافت سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔