اسلام آباد: (دنیا نیوز) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے پر سوال اٹھا دیا۔
ممبر سندھ الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار امیر اکبر اور ذوالفقار ڈوگر اپنے وکلا کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تاہم جمشید دستی کی جانب سے کوئی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا۔
دوران سماعت ممبر خیبرپختونخوا نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے جمشید دستی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تو الیکشن کیسے لڑا؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر جمشید دستی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔
ممبر خیبر پختونخوا نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کیا ہائیکورٹ کے پاس یہ اختیار ہے؟ اپیلیٹ ٹربیونل الیکشنز کے کیسز دیکھتا ہے، ممبران کی نااہلی کے کیسز سپیکر بھجواتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کر کے آئندہ سماعت پر فریقین کو دونوں نکات پر تیاری کیساتھ آنے کی ہدایت کر دی۔