راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ازبکستان کے اعلیٰ سطح دفاعی وفد کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی قیادت ازبکستان کے نائب وزیر دفاع اور کمانڈر ایئر ڈیفنس فورسز میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ نے کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، مشترکہ تربیت اور ایئرو سپیس شعبے میں ٹیکنالوجیکل تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد آمد پر میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ فوجی تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دیرینہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان جنرل نے پاکستان ایئر فورس کے عملے کی قابلِ تقلید پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، معزز مہمان نے دونوں ممالک کے درمیان ایئر فورس ٹو ایئر فورس تعاون میں اضافہ کی خواہش کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مہمان جنرل کی مشاق طیاروں کے پلیٹ کو مزید خریداری کرکے بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات میں سائبر، خلا اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبوں میں مہارت کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا، وفد نے پی اے ایف سائبر کمانڈ اور ایئر آپریشنز سینٹر کا دورہ بھی کیا۔