اسلام آباد: (دنیا نیوز) کنوینئر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ اپوزیشن کی جماعتوں میں ایک سوچ پر اتفاق پیدا ہو، ایک بڑے مقصد کیلئے ہمیں اکٹھا ہونا ہوگا۔
پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا اپوزیشن ہمیشہ سڑکوں پر تحریک نہیں چلاتی، تحریک پارلیمنٹ کے اندر بھی چلائی جاسکتی ہے، میرا مشورہ ہے تحریک انصاف سڑکوں کی سیاست سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا الائنس بنا تو بنیادی اصولوں پر بنے گا، جب قانون کی بالادستی ہوگی تو سب سیاسی لیڈر خود ہی چھوٹ جائیں گے، مشکلات اپوزیشن میں ہوتی ہیں، رگڑا بھی کھانا پڑتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مینڈیٹ کے بغیر ہے، جب اپوزیشن مضبوط ہوگی تو حکومت گر جائے گی، اپوزیشن الائنس کی تشکیل سے متعلق حتمی وقت دینا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ اصلاح کی ضرورت بانی پی ٹی آئی کو ہے، ملک کی معیشت سکڑ رہی ہے، الٹی سیدھی باتیں کر کے حکومت عوام کو دھوکا نہیں دے سکتی۔
کنوینئرعوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ آج قومی قیادت کو قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، مذاکرات کیلئے پہل حکومت کو کرنی ہو گی۔