پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں سکیورٹی کی خراب صورتحال پر پشاور ہائیکورٹ نے وفاق اور صوبائی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار سجاد احمد محسود نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں سکیورٹی صورتحال انتہائی مخدوش ہے جس کے باعث لوگوں کی زندگیاں محفوظ نہیں۔
جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا کہ اس میں جواب کس سے طلب کریں؟ وکیل نے جواب دیا کہ اس میں وفاقی، صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کیا جائے۔
عدالت نے وفاقی، صوبائی حکومت، وفاقی و صوبائی سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔